موغادیشو،11جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)صومالیہ میں فوجی حکام کے مطابق شدت پسند تنظیم الشباب کے جنگجوؤں نے دارالحکومت موغادیشو کے مغرب میں واقع ایک فوجی اڈے پر حملہ کر کے کم از کم دس فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔میجر احمد فراح نے قریبی قصبے افگوئے سے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ایک اڈے پر خودکش کار بم دھماکہ کیا گیا جس کے بعد الشباب کے جنگجوؤں نے اس پر دھاوا بول دیا۔یہ حملہ ماغادیشو سے 50کلومیٹر کے فاصلے پر واقع فوجی اڈے پر کیا گیا ہے۔میجر احمد فراح نے کم از کم 12شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔اس سے قبل اتوار کو صومالیہ کے صدارتی دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا تھا کہ حکومت نے موغادیشو کے جنوب میں شباب کے ایک اہم ٹھکانے کو تباہ کر دیا ہے۔دوسری جانب الشباب کے ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔گذشتہ ماہ کے اواخر میں دارالحکومت موغادیشو میں الشباب کی جانب سے ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں کم ازکم 14افراد ہلاک ہوگئے تھے۔گذشتہ ماہ کے رواں ماہ کے آغاز میں ایک اور ہوٹل میں کیے جانے والے حملے کے نتیجے میں 10افراد ہلاک اور 50زخمی ہو گئے تھے۔القاعدہ سے منسلک تنظیم الشباب کو سن 2011میں موغادیشو سے نکال دیا گیا تھا تاہم اب بھی وہ شہر کے لیے کئی حملوں کی صورت میں خطرہ بنی ہوئی ہے۔صومالیہ کی حکومت افریقی اتحادی فوجوں کی مدد سے شدت پسندوں سے جنگ کر رہی ہے۔